امارات میں مشترکہ فضائی مشقیں، سعودی عرب بھی شریک

   

ابوظہبی31اکتوبر (یو این آئی) سعودی عرب سمیت دوست و برادر ممالک کی فضائیہ کے دستے متحدہ عرب امارات میں مشترکہ فضائی مشقوں میں شرکت کر رہے ہیں۔ سعودی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایریل وار فیئر اینڈ میزائل ڈیفنس سنٹر’ (اے ٹی ایل سی- 35) مشقوں میں رائل فضائیہ کا دستہ آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کیلیے ٹورنیڈو طیاروں کے ساتھ شریک ہے ۔ رپورٹس کے مطابق مشترکہ مشق میں حصہ لینے والے فضائیہ کے گروپ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ اسٹاف حماد بن حاشم الحربی نے بتایا کہ مشقوں کا مقصد برادر اور دوست ممالک کے ساتھ عسکری امور میں تجربات کا تبادلہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مشق کا مقصد فضائی جنگی آپریشنز کی حکمت عملی اور طریقہ کار تیار کرنا بھی ہے ۔ واضح رہے سعودی رائل ایئر فورس کے دستے امارات کے الظفرہ ایئر بیس پر پہنچے جہاں ان کا استقبال مشترکہ گروپ کے کمانڈر کی جانب سے کیا گیا۔