امبیڈکر کو گری راج کا گلہائے عقیدت آر جے ڈی نے مجسمہ کو گنگا جل سے دھویا

   

بیگوسرائے۔ 15 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو گلہائے عقیدت پیش کیا جس کے بعد سی پی آئی اور آر جے ڈی کے بعض کارکنوں نے اسے گنگا جل سے دھوتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مرکزی وزیر کے ہاتھ لگانے سے مجسمہ ناپاک ہوگیا تھا۔ یہ بی جے پی کے خلاف ’’جیسے کو تیسا‘‘ والا اقدام ہے۔ دہلی کے حالیہ الیکشن میں اروند کجریوال ایک ہنومان مندر گئے تھے جس کے بعد دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری نے مندر کو پاک کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ بیگوسرائے کا واقعہ بلیا بلاک میں پیش آیا جہاں گری راج جمعہ کو گئے تھے۔ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کی تائید میں ریالی سے خطاب کیا۔