یاقوت پورہ ایم ایل اے منتخب ہونے پر حلقہ کو چمکانے کا تیقن ، ایم بی ٹی امیدوار کا انتخابی دورہ
حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) امجد اللہ خان خالد کے دوروں کے اثرات کے نتیجہ میں نالوں کی صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور اگر وہ منتخب ہوجاتے ہیں تو ایسی صورت میں شہر کے حالات کس طرح تبدیل ہوں گے اس کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے آج حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مختلف علاقوں میں پیدل دورہ کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے مجلس بچاؤ تحریک کے امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ اگر ان کے انتخاب کو یقینی بنایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں وہ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیاری صحت ‘ تعلیم کی سہولتوں کی فراہمی اور ڈبل بیڈروم کے طرز پر فلیٹس کی زندگی کو یقینی بنانے کے منصوبہ پر کام کریں گے۔ ایس آر ٹی کالونی میں ان کے دورہ کے موقع پر عوام نے ان سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا فریضہ نبھانے کے لئے تیار ہیں لیکن بوگس رائے دہی کو روکنے کے اقدامات کئے جانے چاہئے کیونکہ مجلسی امیدوار کی کامیابی کے لئے جس طرح منظم انداز میں بوگس رائے دہی کروائی جاتی ہے وہ مخالف مجلس امیدوار کی ناکامی کا سبب بنتی ہے۔ عوام کی اس رائے پر جناب امجد اللہ خان خالد نے کہا کہ اگر عوام اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے نکل آتے ہیں تو ایسی صورت میں کسی کی جرأت نہیں ہوگی کہ وہ بوگس رائے دہی کرواسکے۔ انہو ںنے اپنے دورہ کے دوران نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو تابناک بنانے کے لئے تبدیلی لائیں اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں نام کے بجائے کام کی بنیاد پر ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے بتایاکہ گذشتہ یوم وہ پیدل دورہ کے دوران ناگاباؤلی کے نالے کی صورتحال سے عوام کو آگاہ کیا تھا اور آج اس نالہ کی صفائی کا عمل شروع کردیاگیا جو کہ عوام کی طاقت ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ وہ کوئی عہدہ نہ رکھتے ہوئے ناگاباؤلی کا نالہ صاف کرواسکتے ہیں تو عوام کو اندازہ کرنا چاہئے کہ اگر انہیں منتخب کیا جاتا ہے تو وہ کیا کچھ کریں گے۔ جناب امجد اللہ خان نے بتایا کہ وہ ’پرجادربار‘ کے ذریعہ عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ’دارالامان‘ کے دروازے عوام کے لئے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ یاقوت پورہ کے عوام جن حالات کا شکار ہیں وہ اچھی طرح سے جانتے ہیں لیکن وہ غنڈہ گردی کے خوف سے کچھ بھی کرنے سے قاصر ہیں۔ امیدوار مجلس بچاؤ تحریک نے بتایا کہ اب خوف کا دور ختم ہوچکا ہے اور ان کے انتخاب کے بعد حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ میں کسی بھی طرح کی غنڈہ گردی کو وہ برداشت نہیں کریں گے ۔انہو ںنے عوام سے اپیل کی کہ وہ بے خوف وخطر گیاس سیلنڈر کے نشان پر اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے یاقوت پورہ کی اور خود اپنی ترقی کی راہیں ہموار کریں۔