شانتی نکیتن: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے وشو بھارتی کی جانب سے نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات امرتیا سین کے خلاف جاری نوٹس کے خلاف اپنے اراکین اسمبلی سے پراتیچی کے باہر دھرنا دینے کے لئے کہا ہے ۔وشو بھارتی یونیورسٹی کے حکام نے مسٹر سین کو 06 مئی تک یا 19 اپریل کو ان کے حتمی حکم کی اشاعت کے 15 دنوں کے اندر 13 ڈیسی مل اراضی خالی کرنے کا نوٹس دیا ہے ۔ یونیورسٹی نے سین کو زمین خالی نہ کرنے کی صورت میں طاقت کے استعمال کی دھمکی بھی دی ۔مغربی بنگال کے بیر بھوم ضلع کے بول پور شہر میں شانتی نکیتن میں قیام کے دوران مسٹر سین اپنے آبائی گھر پراتیچی میں رہتے ہیں۔ پراتیچی کیمپس میں 13 ڈیسی مل کا حصہ حالیہ دنوں میں سین اور یونیورسٹی کے درمیان تنازعہ کا باعث رہا ہے ۔جہاں وشوابھارتی نے دعویٰ کیا ہے کہ سین نے زمین پر غیر قانونی قبضہ کیا ہے ، وہیں عالمی شہرت یافتہ ماہر تعلیم نے بارہا کہا ہے کہ وہ اس کے حقیقی مالک ہیں۔