امرناتھ یاترا:ہیلی کاپٹر سروس کے لئے آن لائن بکنگ کا آغاز

   

سری نگر: یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے لئے ہیلی کاپٹر سروس کے لئے آن لائن بکنگ شروع ہوگئی ہے ۔ امرناتھ شرائن بورڈ ذرائع کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر سروس سری نگر، بالتل اور پہلگام سے دستیاب ہوگی جس سے عمر رسیدہ اور علیل یاتریوں کو راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سروس سے وہ یاتری بھی مستفید ہوں گے جن کے پاس وقت کم ہوگا۔ بورڈ ذرائع نے بتایا کہ امسال ہیلی کاپٹر کرائے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی آن لائن بکنگ رجسٹرڈ ایجنٹوں اور بورڈ کی ویب سائٹ سے کی جاسکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بالتل سے گلوبل ویکٹرا ہیلی کاپٹر پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایرو ائیر کرافٹ لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بورڈ کے مطابق بالتل سے یکطرفہ 28 سو رویہ کرایہ ہوگا جبکہ دونوں طرف 56 سو روپے کرایہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام سے ہریٹیج ایویشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جس کا یک طرفہ کرایہ 42 سو روپیہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر سے پون ہنس لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جس کا سری نگر۔ پہلگام کا کرایہ 10 ہزار 8 سو روپیہ ہوگا۔ بورڈ حکام کے مطابق اب تک ڈھائی لاکھ کے قریب یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے ۔جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوں میں 3 ہزار 8 سو 80 میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو 31 اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔