امرناتھ یاترا کی روٹ پر اسلحہ کا ذخیرہ ضـبط

   

یاتریوں اور سیاحوں کو وادی سے فوری واپس ہوجانے کا مشورہ
سرینگر 2 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) سکیوریٹی فورسیس نے امرناتھ یاترا کی روٹ پر پاکستان میں تیار کردہ سرنگ اور اسلحہ کا ایک بڑا ذخیرہ ضبط کرلیا ہے ۔ فوج نے آج یہ بات بتائی ۔ لیفٹننٹ جنرل سربجیت سنگھ ڈھلن نے میڈیا کو بتایا کہ امرناتھ یاترا روٹ پر خصوصی اطلاعات ملنے کے بعد تلاشی لی گئی تھی جس میں بارودی سرنگ اور دوسرے اسلحہ وغیرہ دستیاب ہوئے ہیں۔ انٹلی جنس اطلاع تھی کہ امرناتھ یاترا کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تلاشی مہم کے دوران جو سرنگ دستیاب ہوئی ہے اس پر پاکستان آرڈیننس فیکٹری کا اسٹامپ بھی موجود ہے ۔ اس کے علاوہ ایک امریکی اسنپر رائفل بھی دستیاب ہوئی ہے ۔ ڈھلن نے اس جگہ کی شناخت سے انکار کردیا جہاں سے یہ سب کچھ دستیاب ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عصری دھماکوں مادو کا خطرہ بھی اس روٹ پر لاحق ہے ۔ اس دوران جموںو کشمیر حکومت نے امرناتھ یاتریوں اور سیاحوں سے کہا ہے کہ وہ وادی میں اپناقیام مختصر کردیں اور جتنا ممکن ہوسکے جلدی وہاں سے واپس ہوجائیں ۔ حکومت نے دہشت گردی کے خطرہ کے پیش نظر یہ ہدایت جاری کی ہے ۔ پرنسپل سکریٹری داخلہ نے یہ مشورہ جاری کیا ہے ۔