امریکہ۔ایران جنگ پر مودی کی خاموشی خطرناک اشارہ :منیش سسودیا

   

نئی دہلی، 5 مارچ (یو این آئی) عام آدمی پارٹی نے امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے معاملے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک کے لیے ایک خطرناک اشارہ ہے ۔ عام آدمی پارٹی کے سینئر رہنما اور پنجاب انچارج منیش سسودیا نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی خاموشی ہندوستان کے مفادات کے لیے تشویش ناک ہے ۔ ان کے مطابق امریکہ کئی ماہ سے اس جنگ کی تیاری کر رہا تھا اور اسے اندازہ تھا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد تیل کی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے ۔ اس کے باوجود تجارتی معاہدے کے ذریعے ہندوستان کو روس سے تیل نہ لینے پر آمادہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک ہندوستانی ہونے کے ناطے ذہن میں کچھ بہت سنگین سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا امریکہ نے ہندوستان کے وزیرِ اعظم کو گمراہ کیا یا پھر وزیرِ اعظم نے خود امریکہ کو خوش رکھنے کے لیے قومی مفادات سے سمجھوتہ کیا؟ انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا گیا، جس میں یہ شرط مانی گئی کہ ہندوستان روس سے تیل درآمد نہیں کرے گا۔
جبکہ ہندوستان اپنی روزمرہ ضرورت کا بڑا حصہ بیرونِ ملک سے حاصل کرتا ہے اس لیے ایک یا دو ذرائع کو بند کرنا محض سفارتی فیصلہ نہیں ہے ۔ اس کا براہ راست تعلق اس بات سے ہے کہ کسی ملک کی تیل کی سپلائی مستحکم رہے گی یا نہیں، کیا قیمتیں کنٹرول میں رہیں گی اور کیا بحران کے وقت ملک کے پاس متبادل موجود ہوں گے ۔ اسی کو توانائی کی حفاظت کہا جاتا ہے ۔