کابل ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے جاریہ ماہ امریکی قاصد زلمے خلیل زاد سے بات چیت کیلئے اپنی 14 رکنی ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ خلیل زاد طالبان کے ساتھ مذاکرات کرتے ہوئے امریکہ کی اب تک کی طویل ترین جنگ کے خاتمہ کے خواہاں ہیں۔ ملا عباس استنکزئی طالبان ٹیم کی قیادت کریں گے جس کا اعلان پیر کو کیا گیا جن میں گوانتاناموبے میں واقع امریکی قیدخانے کے پانچ سابقہ قیدی بھی شامل ہیں جنہیں 2014ء میں یرغمال بنائے گئے ایک امریکی فوجی کی رہائی کے عوض جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں ٹیم میں انس حقانی بھی شامل ہیں جو جیل کی سزاء کاٹ رہے حقانی نیٹ ورک کے قائد کے چھوٹے بھائی ہیں۔ حقانی نیٹ ورک کو طالبان کا ایک انتہائی مستحکم شعبہ قرار دیا جاتا ہے۔ دریں اثناء طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ حقانی جنہیں کابل میں روکا گیا ہے، کو مذاکراتی ٹیم کے ساتھ بات چیت کیلئے رہا کیا جانا چاہئے۔ دوسری طرف طالبان کابل میں امریکی حامی افغان حکومت سے کوئی ملاقات کرنا نہیں چاہتے۔