امریکہ: غیرقانونی تارکین وطن کی گرفتاری اور ملک بدری میں تیزی

,

   

ملک بھر سے اتوار کو956 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ شکاگو میں وفاقی حکام کی توجہ مرکوز

واشنگٹن :وفاقی امریکی ادارے ’’یو ایس امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ‘‘نے بتایا کہ اتوار کو ملک بھر میں 956 افراد کو حراست میں لیا گیا۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن پر ایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کے بعد کہا تھا کہ شروع میں جرائم میں ملوث غیر قانونی طور پر رہنے والے تارکین وطن کے خلاف کارروائی جائے گی۔تازہ سروے کے مطابق گزشتہ برسوں کے مقابلے میں امریکیوں کی زیادہ تعداد اب یہ سمجھتی ہے کہ 2025 میں واشنگٹن میں نئی حکومت کے لیے امیگریشن کا مسئلہ زیادہ توجہ کا مرکز ہونا چاہیے۔میکسیکو نے کہا ہے کہ پچھلے ہفتے کے دوران ملک میں امریکہ سے ملک بدر کیے گئے 4 ہزار تارکین وطن وہاں پہنچے جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جو میکسیکو سے تعلق نہیں رکھتے۔امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کے خلاف جاری اقدامات کے تحت اب تک 1,000 سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ ہزاروں کو ان کے آبائی وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔امیگریشن کے قوانین نافذ کرنے والے وفاقی امریکی ادارے نے بتایا کہ اتوار کو ملک بھر میں 956 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ایک بیان میں آئی سی ای (آئس) کے نام سے اپنی پہچان رکھنے والے ادارے نے کہا کہ اس نے دیگر وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر شکاگو میں کام کیا ہے تاکہ شہر میں امریکی امیگریشن قانون کو نافذ کرنے اور ممکنہ طور پر خطرناک غیر ملکی مجرموں کو امریکی برادریوں سے دور رکھ کر عوامی تحفظ اور قومی سلامتی کے لیے ہدف بنا کر بہتر کارروائیاں کی جائیں۔شکاگو کا شمار ان شہروں میں ہوتا ہے جہاں رپورٹس کے مطابق قانونی دستاویز کے بغیر تارکین وطن بڑی تعداد میں رہتے ہیں اور مقامی حکومتیں امیگریشن قوانین کو سخت سمجھتے ہوئے ان کے نفاذ کی مخالفت کرتی ہیں۔ امریکہ میں ایسے شہروں کو پناہ دینے والے شہر وں سے تعبیر کیا جاتا ہے۔شہر میں انسانی حقوق کی تنظیموں نے تارکین وطن کے خلاف کارروائیاں رکوانے کے لیے قانونی چارہ جوئی کی ہے جب کہ بعض شہروں میں امیگریشن اقدامات کے خلاف مظاہر ے بھی ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ اس سلسلے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن پرایگزیکٹو آرڈر جاری کرنے کے بعد کہا تھا کہ ابتدا میں جرائم میں ملوث غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائی جائے گی۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایک اندازے کے مطابق امریکہ بھر میں ایک کروڑ 17 لاکھ تارکین وطن غیر قانونی طور پر رہ رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق قانونی دستاویز کے بغیر رہنے والے تارکین وطن میں سب سے بڑی تعداد میکسیکو سے آنے والے افراد کی ہے۔