ہنگامی حالات میں طلباء و خاندان کی مدد جاری
واشنگٹن ۔ 16 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)امریکہ میں مقیم کئی نامور ہندوستانی نژاد امریکیوں کے گروپ نے کورونا وائرس بحران کے پیش نظر ہندوستانیوں خاص طورپر طلباء کی مدد کے لئے ہیلپ لائنز قائم کئے ہیں جہاں والنٹرس کو تعینات کیا جارہاہے ۔ امریکہ میں مقیم ہندوستانی ان ہلپ لائنز سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ امریکہ میں تاحال کورونا وائرس سے 69 ا فراد فوت ہوچکے ہیں جبکہ 3,777 کے متاثر ہونے کی اطلاع ہے ۔ امریکی حکومت نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے کئی سخت اقدامات کئے ہیں۔ اسکولس ، ریسٹورنٹس اور بارس کو بند کردیا گیا ہے ۔ ملک بھر میں تفریحی پروگراموں کو منسوخ کردیا گیا ہے ۔ یوروپ کے بشمول مختلف ممالک پر سفری پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ غیرمنافع بخش انڈین ۔ امریکن تنظیم سیوا انٹرنیشنل نے چوبیس گھنٹے ہلپ لائن چلانے کیلئے 10 ہزار امریکی ڈالرس جاری کئے ہیں جبکہ 20 فزیشنس پرمشتمل ایک ٹیم کورونا وائرس سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرے گی ۔ ایمرجنسی حالات میں ویزا کے حصول کے لئے ہندوستانی خاندانوں کی مدد بھی کی جارہی ہے ۔ ایک اندازہ کے مطابق امریکہ کی یونیورسٹیوں میں اس وقت ڈھائی لاکھ ہندوستانی طلباء زیرتعلیم ہیں ۔ تقریباً 300 امریکی یونیورسٹیاں کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر بند کردی گئی ہیں۔