امریکہ کی ’اندھا دھند‘ پابندیوں کا ’جواب‘ دیا جائے گا: چین

   

امریکہ نے گزشتہ ہفتہ متعدد چینی شہریوں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا

بیجنگ : امریکہ نے چینی شہریوں اور اداروں بشمول آرٹیفیشل انٹلیجنس کمپنی سینس ٹائم پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بیجنگ نے اس طرح کی ’اندھا دھند‘ پابندیوں کا ‘جواب دینے کی وارننگ دی ہے۔چین نے امریکہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بیجنگ پر انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی آڑ میں چینی شہریوں اور اداروں پر پابندیاں عائد کرنے کا اپنا حالیہ فیصلہ واپس لے۔ چین نے اسی کے ساتھ وارننگ دی کہ امریکہ کی ’اندھا دھند‘ کارروائیوں کا جواب دیا جائے گا۔ امریکہ نے جمعہ کے روز متعدد چینی شہریوں اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے امریکہ کے ان اقدامات کی نکتہ چینی کرتے ہوئے انہیں ’’گھٹیا کارروائی‘‘ قرار دیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہاکہ ہم امریکہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنے غلط فیصلے کو فوراً واپس لے، چین کے داخلی امور میں مداخلت کرنا اور چین کے مفادات کو نقصان پہنچانا بند کرے۔وانگ وین بن نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر امریکہ نے اپنی ایسی اندھا دھند کارروائیاں جاری رکھیں تو چین بھی سخت جواب دینے کے لیے موثر کارروائی کرے گا۔ امریکہ نے چین کے خلاف یہ تازہ ترین اقدامات ایسے وقت کیے ہیں جب صدر بائیڈن نے جمہوریت کے لیے سربراہی کانفرنس منعقد کی تھی۔ اس کانفرنس میں انہوں نے دنیا بھر میں جمہوریت کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے نیز جمہوریت نواز قوانین کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بیجنگ اپنی قومی خود مختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے دفاع کے عزم مصمم پر قائم ہے۔انہوں نے ایغور مسلم اقلیتوں کے حوالے سے چین کی پالیسی کا بھی دفاع کیا اور کہا کہ بیجنگ نے تشدد، دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور مذہبی انتہا پسند طاقتوں کو کچلنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے عاقبت نا اندیش اقدامات سنکیانگ کی ترقی کو تباہ نہیں کرسکتے، چین کی ترقی کو روک نہیں سکتے یا تاریخی ترقی کے رجحان کو پلٹ نہیں سکتے۔ امریکہ نے گزشتہ دنوں جن چینی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کردیں ان میں چینی آرٹیفیشئل انٹلیجنس کمپنی سینس ٹائم شامل ہے۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ اس کمپنی نے چہرے کی شناخت کے ایسے پروگرام تیار کرلیے ہیں جن سے نسلی اقلیتوں اور بالخصوص ایغور اقلیتوں کی نشاندہی کرکے انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سینس ٹائم پر پابندی عائد کیے جانے کی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا یہ فیصلہ ’’جھوٹ اور غلط اطلاعات پر مبنی ہے‘‘۔واضح رہیکہ امریکہ اور چین کے درمیان تعلقات میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ملکوں کے مابین سائبر سیکورٹی اور ٹیکنالوجی میں برتری سے لیکر ہانگ کانگ اور سنکیانگ میں انسانی حقوق جیسے درجنوں معاملات پر اختلافات ہیں۔صدر بائیڈن نے چین کے حوالے سے بڑی حد تک اپنے پیشرو ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو ہی برقرار رکھا ہے۔
ان کے مطابق یہ ایشیائی طاقت امریکہ کے لیے ایک واضح چیلنج ہے۔سینس ٹائم نامی اسٹارٹ اپ نے امریکہ کی جانب سے بلیک لسٹ کیے جانے کے بعد پیر کے روز ہانگ کانگ میں 767 ملین ڈالر کے آئی پی او(ابتدائی پبلک آفر) کو ملتوی کر دیا۔بلیک لسٹ کیے جانے کی وجہ سے ان امریکی بینکوں اور سرمایہ کاروں کے لیے سینس ٹائم میں سرمایہ کاری کرنا ناممکن ہوگیا ہے جو بالعموم ہانگ کانگ میں اندارج کیے جانے والے آئی پی او میں سرمایہ کاری کرتی ہیں۔