امریکہ کی کینیڈا کو 100فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی

   

نئی دہلی/واشنگٹن، 25 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز کناڈا کو چین کے ساتھ تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے پر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر کناڈا نے ایسا کیا تو اس پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔ امریکی صدر کناڈا اور چین کے درمیان ہوئے اس تجارتی معاہدے کو چین کی جانب سے اپنی برآمدات کناڈا کے راستے امریکہ بھیجنے کا ایک ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا ہے کہ ‘چین کناڈا کو مکمل طور پر نگل جائے گا، اسے پوری طرح تباہ کر دے گا، جس میں اس کے کاروبار، سماجی ڈھانچے اور طرزِ زندگی کی بربادی بھی شامل ہے ‘۔کناڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی نے حال ہی میں بیجنگ کا دورہ کیا تھا اور ایک ابتدائی تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا تھا، جس کے تحت کناڈا میں فروخت ہونے والی چینی الیکٹرک گاڑیوں پر ٹیرف کم کیا جائے گا، جبکہ اس کے بدلے چین نے کناڈا کی زرعی مصنوعات پر ٹیرف کم کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ کناڈا کی مصنوعات پر اتنے زیادہ ٹیرف عائد کرنے سے امریکی سپلائی چین، جن میں دفاعی پیداوار کی سپلائی چین بھی شامل ہیں، متاثر ہو سکتی ہیں، کیونکہ روایتی طور پر دونوں ممالک ایک دوسرے کی مصنوعات کے لیے پرزہ جات اور معاون آلات تیار کرکے ایک دوسرے کے سپلائی نظام میں تعاون دیتے رہے ہیں۔