امریکہ کے مختلف شہروںمیں پلوامہ حملوں کیخلاف احتجاجی اور تعزیتی ریالیاں

   

واشنگٹن ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے کئی شہروں میں ہندوستانی نژاد امریکی شہریوں نے ہندوستان کے جموں و کشمیر کے پلوامہ ڈسٹرکٹ میں ہوئے دہشت گرد حملے کی شدت سے مذمت کرتے ہوئے اپنی ناگواری اور سوگواری کا اظہار کیا۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہوگئے تھے۔ خودکش حملہ کی ذمہ داری پاکستان کے جیش محمد دہشت گرد گروپ نے لی تھی۔ اب صورتحال یہ ہیکہ ہندوپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی مزید گہری ہوگئی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ دونوں ممالک نے اپنے اپنے سفراء کو واپس طلب کرلیا ہے۔ شکاگو کے نواحی علاقہ میں 9/11 یادگار کے قریب سینکڑوں ہندوستانی نژاد امریکی شہری اتوار کے روز جمع ہوئے اور اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے تمام ممالک کو اس وقت ہندوستان اور امریکہ کے ساتھ ان کی دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے وقت شانہ بشانہ موجود ہونا چاہئے۔ اس موقع پر ایک مشترکہ قرارداد بھی پڑھ کر سنائی گئی۔ شرکاء نے نیپرولے اور الینائے میں موم بتی جلا کر احتجاجی ریالیاں بھی نکالیں اور پاکستان سے خواہش کی کہ وہ اپنی سرزمین سے سرگرمیاں انجام دینے والے تمام دہشت گرد گروپس کی حمایت کرنا بند کرے۔ اس موقع پر ہندوستانی امریکی کانگریس مین راجہ کرشنا مورتی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہم 40 جوانوں کی شہادت پر غمزدہ اور سوگوار ہیں۔ اسی نوعیت کے تعزیتی جلسوں کا اہتمام واشنگٹن، نیویارک، نیوجرسی، سلیکان ویلی، لاس اینجلس، ڈیٹرائیٹ، ٹمپا، ہوسٹن اور فینیکس میں بھی کیا گیا۔