دیواروں پر ہندو واپس جاو کے نعرے، وزارت خارجہ نے واقعہ کی مذمت کی
کیلیفورنیا : امریکہ میں ہندو مندر کو ایک بار پھر نشانہ بنایا گیا ہے۔ کیلیفورنیا کے چِنو ہلز میں واقع ایک بی اے پی ایس (BAPS) ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی گئی اور دیواروں پر نازیبا کلمات لکھے گئے۔ گزشتہ کچھ مہینوں میں یہ اس طرح کا دوسرا معاملہ ہے۔ ‘باپس’ سوامی نارائنن مندر انتظامیہ نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہندو فرقہ کے خلاف نفرت کا ایک اور مظاہرہ کرتے ہوئے کلیفورنیا کے چِنو ہلز میں ان کے مندر کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بوچاسنواسی اکشر پرشوتم سوامی نارائن سنستھا (بی اے پی ایس) نے کہا کہ سان برنارڈینو کاؤنٹی کے چینو ہلز شہر میں اس کے شری سوامی نارائن مندر کو بے حرمتی کا سامنا کرنا پڑا۔ چینو ہلز کی سرحد لاس اینجلس کاؤنٹی سے ملتی ہے۔اس معاملے پر وزارت خارجہ کا بیان سامنے آیا ہے۔ ہندوستان نے کیلیفورنیا کے چنو ہلز میں ایک ہندو مندر میں ہوئی توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم اس طرح کے غلط کاموں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہندو مندر میں ہوئی بے حرمتی کو ہم برداشت نہیں کرنے والے ہیں۔ وزارت نے کہا کہ ہم مقامی قانون نافذ کرنے والے عہدیداروں سے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی مانگ کرتے ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جسیوال نے اس معاملے پر کہا کہ ہم نے کیلیفورنیا کے چِنو ہلز میں ایک ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کے بارے میں رپورٹ دیکھی ہے۔ ہم اس طرح کی غلط حرکت کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔واضح رہے کہ امریکہ میں پہلے بھی ہندو مندروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہندو مندروں میں توڑ پھوڑ اور چوری کی گئی ہے اور کئی بار خالصتانی نعرے بھی لکھے گئے ہیں۔ اس مرتبہ’ندو مخالف پیغامات میں ہندو واپس جائیں جیسے جملے شامل تھے جو مقامی ہندو برادری کو پریشان کرتے ہیں۔ جواب میں کمیونٹی نے اس کے خلاف متحد ہونے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس بار چینو ہلزمیں مشہور BAPS مندر ہندو مخالفت کا نشانہ بنا ہے۔ابل ذکر بات یہ ہے کہ چینو ہلز پولیس ڈپارٹمنٹ نے ابھی تک اس واقعے کے بارے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ کولیشن آف ہندوز آف نارتھ امریکہ نے بھی ایکس پر واقعہ کی تفصیلات شیئر کیں اور کہا کہ کیلیفورنیا میں مشہور BAPS مندر کی بے حرمتی لاس اینجلس میں ہونے والے نام نہاد خالصتان ریفرنڈم سے پہلے ہوئی ہے۔ اس سے قبل ستمبر میں، سیکرامینٹو، کیلیفورنیا میں بی اے پی ایس ہندو مندر کو متنازعہ خاکوں سے خراب کیا گیا تھا جس میں یہ جملہ بھی شامل تھا کہ ہندو واپس جائیں! تقریباً 10 دن پہلے، میلویل، نیویارک میں ایک اور BAPS شری سوامی نارائن مندر کو بھی اسی طرح نفرت انگیز پیغامات کے ساتھ نشانہ بنایا گیا تھا۔نیویارک میں ہندوستان کے قونصلیٹ جنرل نے ان واقعات کی سخت مذمت کی۔ مقامی ہندو برادری نے بار بار ہونے والے حملوں سے گھبرا کر اس طرح کی کارروائیوں کے خلاف متحد ہونے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔