میامی : امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں ایئرپورٹ پر اس وقت عجیب و غریب سی صورت حال پیدا ہو گئی جب کولمبیا سے آنے والا ایک مسافر ایمرجنسی راستہ استعمال کرتے ہوئے جہاز کے پر کی طرف نکل کر اس پر چلنے لگا۔امریکی نیوز چینل سی این این نے میامی پولیس کے حوالے سے بتایا کہ کولمبیا سے آنے والی پرواز میں ایک مسافر نے ہنگامی راستہ استعمال کیا اور بدھ کی شام میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارے کے پروں کی طرف باہر نکل گیا۔پولیس کے مطابق طیارہ ابھی اترا ہی تھا اور گیٹ پر اپنی پوزیشن میں آ رہا تھا۔میامی ڈیڈ پولیس نیوز ریلیز کے مطابق مسافر نے ونگ پر چلنے کے بعد ایئرپورٹ کے ممنوعہ حصہ میں چھلانگ لگائی اور دعویٰ کیا کہ وہ خطرہ میں ہے۔وہاں اس نے ایک سکیورٹی افسر سے مدد مانگی۔