انٹرویوز اور ویزوں کی اجرائی میں اضافہ، اعلیٰ تعلیم کیلئے دلچسپی
حیدرآباد۔19 ستمبر(سیاست نیوز) امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے والوںکی تعداد میں جاریہ تعلیمی سال کے دوران زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ ہندستانی طلبہ جو امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں انہیں زبردست مواقع حاصل ہونے لگے ہیں اور وہ بیرون ملک بہتر تعلیم اور ماحول کی خواہش میں امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ کورونا وائرس وباء کے دوران ایک سال امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے سے محروم رہنے والے طلبہ نے بھی امریکی قونصل خانہ کی جانب سے طلبہ کے لئے ویزوں کی اجرائی کے فیصلہ کے ساتھ ہی امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرتے ہوئے ویزوں کے لئے درخواستیں داخل کرنی شروع کردی ہیں۔ ہندستانی طلبہ جو بیرون ملک تعلیم کے حصول کے خواہشمند ہیں ان کی ترجیحات تیزی سے تبدیل ہونے لگی ہیں لیکن فی الحال وہ امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے حصول میں دلچسپی دکھارہے ہیں۔ کورونا وائرس وباء سے قبل ہندستانی طلبہ کی ترجیحات تیزی سے تبدیل ہونے لگی تھیں کیونکہ انہیں امریکہ کے علاوہ آسٹریلیاء ‘ نیوزی لینڈ‘ جرمنی ‘ برطانیہ‘ کینیڈا کے ساتھ یوروپی ممالک میں تعلیم کے حصول کے مواقع حاصل ہونے لگے تھے اور وہ ان سے استفادہ حاصل کر رہے تھے لیکن کورونا وائرس کی وباء کے بعد اب جبکہ امریکہ ‘ کینیڈا کے علاوہ برطانیہ میں جامعات داخلہ دے رہے ہیں اور ویزوں کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے تو ایسی صورت میں طلبہ کا رجحان امریکی جامعات کی سمت بڑھا ہوا ہے اور وہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں موجود جامعات میں داخلہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں بہ آسانی داخلہ حاصل ہونے لگا ہے جو کہ ان کی توقع سے کافی زیادہ آسان ہوچکا ہے۔ قونصل خانہ کے ذرائع کا کہناہے کہ کورونا وائرس وباء کے پہلے لاک ڈاؤن کے بعد قونصل خانہ اور سفارتخانہ کی جانب سے سفری تحدیدات برخواست ہونے کے ساتھ ہی طلبہ کا سال ضائع نہ ہو اس کے لئے طلبہ کے ویزا انٹرویو شروع کردیئے گئے جس کے نتیجہ میں ملک بھر کے قونصل خانوں سے بڑی تعداد میں نوجوان رجوع ہونے لگے ہیں اور ان میں اکثریت کو ویزا کے حصول میں کوئی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑرہا ہے۔ اس کے علاوہ دنیا کی دیگر جامعات میں بھی داخلوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے لیکن بیشتر ممالک میں بھی اب بھی سفری تحدیدات بالخصوص آسٹریلیاء میں سفری تحدیدات کے سبب ان جامعات کا رخ کرنے کے خواہشمند طلبہ بھی امریکی جامعات میں داخلہ حاصل کرنے لگے ہیں۔ بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے خواہشمند طلبہ کا کہناہے کہ ان کی تعلیم کی تکمیل اور بہتر ماحول کے لئے معیاری جامعات میں داخلہ ان کی ترجیح ہے اور فی الحال امریکی جامعات میں داخلوں کے ساتھ فزیکل تعلیم کا آغاز ہوچکا ہے اسی لئے وہ ان جامعات کو ترجیح دے رہے ہیں۔ بیرون ملک تعلیم کے رجحان کے سلسلہ میں عالمی سطح کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ چند برسوں میں ہندستانی طلبہ میں بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے رجحان میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ M