امریکی حملہ کے بعد ایران کا فیفا ورلڈکپ سے دستبردار ہونے کا اشارہ

   

تہران۔2؍مارچ( ایجنسیز )امریکی فضائی حملے کے بعد ایران نے ورلڈ کپ فٹبال سے دستبردار ہونے کا اشارہ دیا ہے۔ایران نے ایشیائی کوالیفائنگ کے گروپ میں پہلی پوزیشن کے ساتھ مسلسل چوتھی مرتبہ ورلڈکپ کیلیے کوالیفائی کیا ہے۔خیال رہے کہ فیفا ورلڈکپ 11 جون سے 19 جولائی2026 تک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں منعقد ہونے والا ہے۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا ہیکہ موجودہ حالات میں ٹورنمنٹ میں شرکت مشکل دکھائی دیتی ہے۔ورلڈ کپ میں ایران کو 107 دن بعد لاس اینجلس میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا میچ کھیلنا ہے۔دوسری جانب فیفا حکام کا کہنا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور محفوظ ورلڈکپ ان کی اولین ترجیح ہے۔ایران گروپ جی میں بیلجیئم، نیوزی لینڈ اور مصر کے ساتھ شامل ہے اور اگر ایران اور امریکہ اپنے اپنے گروپ میں دوسرے نمبر پر رہے تو 3 جولائی کو ڈیلاس میں ان کا مقابلہ ہوسکتا ہے۔حالیہ عرصہ میں کھیلوں پر سیاسی اثرات مرتب ہورہے ہیں جن سے کھیل اور کھلاڑیوں کے حوصلوں پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔