امریکی رکن کانگریس نے کملا ہیریس کیخلاف مواخذہ کیلئے دستاویز داخل کی

   

نیویارک : امریکہ کے رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے نائب صدر کملا ہیرس کے خلاف مواخذے کی کارروائی کیلئے دستاویز جمع کروادیں۔ریاست ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن رکن کانگریس اینڈی اوگلز نے صدر جو بائیڈن کو بھی عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ری پبلکن رکن کانگریس اینڈی اوگلز امریکہ کی نائب صدر کملا ہیریس کے شدید مخالف ہیں۔امیگریشن ریکارڈ کو بنیاد بنا کر کملا ہیرس کو پہلے ہی ہدف بنایا جا رہا تھا تاہم اب اینڈی اوگلز نے ایک اور آرٹیکل جمع کرایا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کملا ہیرس نے صدر بائیڈن کی ذہنی حالت سے متعلق معاملات چھپائے، جس سے عوام کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔اینڈی اوگلز نے کملا ہیریس سے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ جو بائیڈن کی صحت سے متعلق خدشات کے سبب 25 ویں ترمیم کا اطلاق کرائیں۔25 ویں ترمیم صدر کو دائمی یا عارضی طورپر ہٹانے کے اختیار سے متعلق ہے کہ اگر صدر اپنے عہدے کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے قاصر ہوں تو انہیں دائمی یا عارضی طور پر ہٹایا جا سکے۔مباحثے میں خراب پرفارمنس پر ڈیموکریٹس کی جانب سے دباؤ کے شکار امریکی صدر اور ڈیموکریٹ کے سابق امیدوار جو بائیڈن نے کملا ہیریس کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔