امریکی ریاست ورجینیا میں فائرنگ ،تقریباً 10افراد ہلاک

,

   

وال مارٹ سوپر اسٹور میں بندوق بردار کی فائرنگ ، مہلوکین میں حملہ آور بھی شامل

واشنگٹن : امریکی ریاست ورجینیا کے چیسپیک میں واقع وال مارٹ سوپر اسٹور میں ایک بندوق بردار شخص نے فائرنگ کرکے تقریباً 10 افراد کو ہلاک اور متعدد کو زخمی کردیا، فائرنگ کرنے والا واحد ملزم بھی ہلاک ہوگیا۔ میڈیا کے مطابق چیسپیک شہر میں فائرنگ کا یہ واقعہ امریکہ میں ’تھینکس گیونگ ڈے‘ منانے کی چھٹی سے قبل پیش آیا ہے جب کہ اس سے قبل ہفتے کے آخر میں کولوراڈو کے ایک ایل جی بی ٹی کیو کلب میں ایک اور فائرنگ کے واقعے میں 5 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔پولیس کا کہنا کہ حملہ آور ایک ہی تھا اور وہ فائرنگ کرنے والا بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس نے یہ واضح نہیں کیا کہ مشتبہ شوٹر کی موت کیسے ہوئی۔فائرنگ کے واقعے کے بعد پہلی ہنگامی کال منگل کی رات 10 بجے کے بعد کی گئی تھی جبکہ اسٹور اس وقت تک کھلا تھا۔خبروں میں چلنے والی فوٹیج میں جائے وقوع پر پولیس کی بڑی تعداد دیکھی گئی، میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی عہدیدار اور تفتیش کار اسٹور کا جائزہ لے رہے تھے جب علاقے کو سیل کیا جارہا تھا جب کہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد واضح نہیں تھی۔پولیس افسر نے صحافیوں کو بتایا کہ پولیس سمجھتی ہے کہ فائرنگ کے اس واقعے میں 10 سے کم افراد ہلاک ہوئے۔امریکہ کی سب سے بڑی ریٹیل اسٹور چین وال مارٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم اس المناک واقعے پر صدمے میں ہیں، متاثرہ افراد، کمیونٹی اور اپنے ساتھیوں کے لیے دعاگو ہیں۔