تل ابیب :امریکی ساختہ بموں کی بھاری کھیپ اسرائیل پہنچ گئی ہے۔اسرائیلی وزارتِ دفاع کی جانب سے امریکی ساختہ بموں کی بھاری کھیپ اسرائیل پہنچنے کی تصدیق بھی کردی گئی ہے۔اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق گزشتہ رات کو پہنچنے والے جہاز سے 2,000 پاؤنڈ وزنی بموں کی بڑی مقدار اشدود پورٹ پر اتاری گئی۔ بموں کو درجنوں ٹرکوں پر لوڈ کرکے اسرائیلی ایئر بیسز کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ کھیپ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ ماہ ترسیل پر سے پابندی ہٹانے کے بعد بھیجی گئی۔اسرائیلی وزیرِ دفاع نے گولہ بارود کی اس کھیپ کو ایئر فورس اور زمینی فوج کیلئے اہم اثاثہ قرار دے کر امریکی صدر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو عہدہ سنبھالنے کے بعد گزشتہ روز مشرق وسطیٰ کے پہلے دورے پر اسرائیل پہنچے تھے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ پر عمل جاری ہے ۔ اس درمیان بموں کی کھیپ اسرائیل پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔حالیہ عرصہ میں وزیر اعظم اسرائیل نے امریکہ کے دورہ کے موقع پر صدر ٹرمپ سے ہتھیاروں کے منصوبہ پر بات کی تھی جس پر سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ کے ممالک نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔