امریکی صدر کے مواخذہ مقدمہ کی کل سماعت

,

   

ڈونالڈ ٹرمپ حصہ نہیں لیں گے:وکیل پی سیپولون

واشنگٹن ۔ 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈٹرمپ کے خلاف مواخذہ مقدمہ کی چہارشنبہ کو سماعت ہوگی۔ وائیٹ ہاؤز کے وکیل پی سیپولون نے بتایا کہ ڈونالڈ ٹرمپ اس سماعت میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے انکوائری کمیٹی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیقات انتہائی جانبداری سے کی گئی ہے اور اس کے بنیادی قواعد و طریقہ کار کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ یہ تحقیقات امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سیاسی حریف جوبیڈن کی تحقیقات کیلئے یوکرین کے صدر زیلنسکی سے ٹرمپ کی درخواست سے متعلق ہیں۔ ڈیموکریٹس ارکان کا یہ الزام ہے ڈونالڈ ٹرمپ یوکرین کے ہم منصب سے بات چیت سیاسی مقاصد کیلئے کی گئی تھی۔ امریکی ایوان نمائندگان کی عدالتی کمیٹی کے صدرنشین جورولڈ میڈلر کے نام کل روانہ کئے گئے مکتوب میں ٹرمپ کے وکیل نے یہ الزام عائد کیا کہ مقدمہ کی ابتدائی سماعت ایک ایسے وقت مقرر کی گئی جبکہ امریکی صدر ملک سے باہر ہے اور وہ لندن میں ناٹو کے قائدین کے اجلاس میں شرکت کیلئے گئے ہوئے ہیں۔