واشنگٹن ۔ 10 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کی جانب سے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ ٔ امریکہ کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کیے جانے کے بعد پاکستان نے کہا ہے کہ اس ضمن میں باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔منگل کو محکمہ خارجہ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان مورگن اورتاگس نے کہا تھا کہ ان کی معلومات کے مطابق وائٹ ہاؤس نے تاحال اس (دورے) کی تصدیق نہیں کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’اس دورے کی تصدیق یا تردید کیلئے میں وائٹ ہاؤس سے ربط کروں گی، فی الحال محکمہ خارجہ کے پاس اس حوالے سے بتانے کیلئے کچھ نہیں ہے‘۔
