ابوظہبی : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ابوظبی میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا خیرمقدم کیا ہے۔صدر شیخ محمد بن زاید نے فلسطینیوںکی بے دخلی کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کے موقف کا اعادہ کیا۔وام کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے خصوصا مشرق وسطیٰ اور فلسطینی علاقوں کی صورتحال اورغزہ بحران سے متعلق جاری سفارتی کوششوں کے ساتھ متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اماراتی صدر نے فلسطینی عوام کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرتے ہوئے دو ریاستی حل کے ذریعہ پائیدار امن کی راہ کی ضرورت پر زور دیا۔اماراتی صدر نے تنازعہ کی شدت میں اضافے سے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ اس سے علاقائی سلامتی کو بڑا خطرہ لاحق ہے۔‘ ملاقات میں ابوظبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔