آئندہ سال سے 40 ہزار روپئے ادا کرنے ہونگے ۔ امریکہ کے نئے قوانین
حیدرآباد۔10جولائی (سیاست نیوز) امریکی ویزاکے حصول کیلئے اب ہندوستانی شہریوں کو 2.5گنا اضافہ فیس ادا کرنی پڑے گی ۔ امریکی انتظامیہ کے فیصلہ کے مطابق سال 2026 سے امریکی ویزا کیلئے فیس میں اضافہ ہوگا اور اس کے مطابق اب ہندوستانی شہریوں کو ویزا کیلئے 40000 روپئے بطور فیس ادا کرنے ہوں گے۔ اس فیصلے کا اطلاق آئندہ سال سے ہوگا۔بتایاجاتا ہے کہ امریکی حکومت کے نئے قوانین کے مطابق امریکی ویزاکیلئے درخواست داخل کرنے والوں کو Visa Integrity Fees کے طور پر 250 امریکی ڈالر ادا کرنے ہوں گے اس کے علاوہ I-94 کیلئے 24 امریکی ڈالر اور ESTA کے 13 ڈالر ادا کرنے ہونگے ۔ ہندوستانی شہری جو امریکی ویزا حاصل کرنے درخواست داخل کریں گے انہیں آئندہ سال سے مجموعی طور پر 40 ہزار روپئے بطور فیس ادا کرنے ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ’بگ بیوٹے فل بل‘ کے اثرات کے طور پر اس اضافہ کو دیکھا جارہا ہے کیونکہ بل میں ہندوستانی شہریوں کیلئے ویزا فیس کی ادائیگی میں اضافہ کا تذکرہ موجود ہے۔ بتایا گیا کہ ہندوستان سے امریکی ویزا کیلئے درخواست داخل کرنے والے بیشتر نان ایمگرینٹ ویزا کیلئے فیس میں اضافہ ہوگا لیکن سال 2025 کے دوران جو درخواست داخل کی جائیں گی ان پر اضافی فیس کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ہندوستانی ویزا درخواست گذاروں کی فیس میں اضافہ سے ملٹی نیشنل کمپنیوں پر بھاری بوجھ عائد ہوگا کیونکہ جو ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے ملازمین کو امریکہ روانہ کرتی ہیں ان کو بھی اضافی فیس ادا کرنی ہوگی علاوہ ازیں سیاحتی ویزا B1/B2 کیلئے درخواستوں پر بھی اضافہ فیس ادا کرنی ہوگی اور طلبہ کیلئے ویزا کی فیس میں اضافہ ہوگا۔ ماہرین کے مطابق آئندہ سال ویزا فیس میں اضافہ کے فیصلہ کے بعد جاریہ سال کے اواخر تک ویزا کیلئے درخواستوں میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ دورہ امریکہ کی منصوبہ بندی کرنے والے درخواست داخل کرکے ویزا کے حصول کی کوشش کو یقینی بنائیں گے۔3