امریکی کارپوریٹ سیکٹر کی جانب سے ہندوستانی بجٹ کا خیرمقدم

   

بیرونی راست سرمایہ کاری کیلئے بہتر مواقع، ایپل جیسی کمپنیوں کیلئے اچھی خبر
واشنگٹن۔/6 جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی کارپوریٹ سیکٹر نے ہندوستان کے بجٹ کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے کل یہ بجٹ لوک سبھا میں پیش کیا تھا۔ امریکی کارپوریٹ گھرانوں کا کہنا ہے کہ اس بجٹ سے نہ صرف ہندوستان کا فائدہ ہوگا بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے بھی یہ بجٹ پُرکشش ہے۔ یو ایس انڈیا اسٹراٹیجک اینڈ پارٹنر شپ فورم کے صدر مکیش آگھی نے کہا کہ بجٹ امریکی کمپنیوں کیلئے حوصلہ بخش ہے اس سے ہندوستانی حکومت کی بہتر پالیسیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایپل جیسی کمپنیوں کیلئے یہ بجٹ اچھی خبر ہے۔ بجٹ نے ہندوستانی مارکٹ کو کھول دیا ہے اور امریکی کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کا حوصلہ بخشا ہے۔ کمزور طبقات کیلئے خوشحالی اور ترقی کو یقینی بنانے کیلئے یہ بھی بجٹ کام آئے گا۔ بجٹ میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوشش کی گئی ہے۔ ہم کو اب 2019-2020 کے بجٹ کو دیکھنے کی آرزو ہے ۔ اس بجٹ میں دور اندیشی کا اظہار ہوتا ہے۔ مودی حکومت کے دوسرے دور میں ہندوستان کے اندر ترقیاتی کام تیز ہوں گے۔ یو ایس انڈیا بزنس کونسل کے صدر نیشا دیسائی نے کہا کہ اس بجٹ کا خیرمقدم کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں کسانوں، آمدنی رکھنے والوں کیلئے مثبت اقدامات کئے گئے ہیں اس کے علاوہ کئی شعبوں میں ایف ڈی آئی کو فراخدلانہ مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کو عالمی امن کا گہوارہ بنارہے ہیں اور اس کے ساتھ وہ ہندوستان کو ہوا بازی کا مرکز بھی بنارہے ہیں۔ اس نئی حکومت کی دوراندیشی کی وجہ سے ہی جدید ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا جارہاہے۔