ہزارہا افراد سے روزہ کا اہتمام
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( راست ) : ملک میں امن بھائی چارگی ، اتحاد اور سارے عالم میں انسانیت کی ترقی کے کاز کے لیے 9 جنوری بروز جمعرات کو ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی طرف سے ’ یوم توبہ ‘ کا اہتمام کیا گیا ہے جس دن ایم ایس کے تمام طلباء ، ٹیچرس اسٹاف اور مینجمنٹ کے اراکین نفل روزہ رکھ کر اللہ سے انسانیت کی بھلائی کی دعا کریں گے ۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے آج میڈیا کو اس کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے موجودہ حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے 9 جنوری بروز جمعرات ایم ایس نے ’ یوم توبہ ‘ کا اہتمام کیا ہے جس میں تقریبا 35 ہزار لوگ روزہ رکھ کر اور صلوۃ توبہ کی نماز پڑھ کر اللہ سے ملک کے موجودہ حالات کو بدلنے کے لیے دعا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم روزہ کی حالت میں اللہ سے دعا کریں اور اللہ کی رحمت طلب کریں گے تو اللہ کی رحمت ہماری طرف متوجہ ہوگی اور پھر ملک اور دنیا کے حالات اچھے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی موجودہ حالات بھی اللہ ہی کی طرف سے ہے اور اس کی تبدیلی کے لیے ہمیں اللہ کی طرف سے رجوع ہونا ہوگا ۔ منیجنگ ڈائرکٹر انور احمد نے موجودہ صورت حال کو اللہ کی ناراضگی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے غضب کو کم کرنے کے لیے روزہ اور نماز توبہ سے بہتر کوئی عمل نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ یوم توبہ ‘ کے ذریعہ ہم اللہ کی رحمت کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہ رہے ہیں ۔ تاکہ ملک میں امن بھائی چارگی اتحاد اور اتفاق قائم ہو ۔ اور ساری انسانیت اللہ کے امن و امان میں خوشگوار زندگی گذارے ۔ انہوں نے میڈیا کے ذریعہ عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ 9 جنوری کو نفل روزہ رکھ کر اور توبہ کی نماز کا اہتمام کر کے اس اچھے کاز میں بڑی تعداد میں شامل ہوں اور ساتھ میں صدقہ کا بھی اہتمام کریں ۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچپن کا ہندوستان چاہتے ہیں جہاں تمام مذہب و ملت کے عوام امن بھائی چارگی اور پیار و محبت کے ساتھ زندگی بسر کرتے تھے ۔ جہاں ہنستے کھیلتے ماحول میں ہر ایک کو پوری مذہبی آزادی تھی ہم اس ماحول کو دوبارہ دیکھنا چاہتے ہیں ۔۔