امیت شاہ دوبارہ وزیر داخلہ۔ راجناتھ ، گڈکری ، نرملا کے قلمدان برقرار

,

   

جئے شنکر بھی دوبارہ وزیر خارجہ ۔ شیوراج سنگھ چوہان کو زراعت کا قلمدان ، جے پی نڈا نئے وزیر صحت ، کمارا سوامی وزیر صنعت

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے چار سرکردہ ماتحتین کو کلیدی وزارتوں پر برقرار رکھتے ہوئے تسلسل کا پیام دینے کی کوشش کی ہے جبکہ انھوں نے آج اپنی مجلس وزراء کے قلمدان تقسیم کردیئے ۔ صدارتی سکریٹریٹ کے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ کے مطابق چار بڑی وزارتیں جو کابینی کمیٹی برائے سلامتی کا حصہ ہیں اور مرکزی کابینہ کا کلیدی حصہ ہوتی ہیں ، وہاں امیت شاہ ، راجناتھ سنگھ ، نرملا سیتا رمن اور ایس جئے شنکر چاروں وزیروں کی واپسی دیکھنے میں آئی ہے جنھوں نے ترتیب وار اُمور داخلہ ، اُمور دفاع ، اُمور فینانس اور اُمور خارجہ کے قلمدان برقرار رکھے ہیں ۔ مودی کو اپنی تیسری میعاد میں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت کی سربراہی کرتے ہوئے حلیفوں کی تائید و حمایت کو برقرار رکھنا ہوگا ۔ تاہم انھوں نے انفراسٹرکچر سے متعلق کلیدی وزارتوں کو بھی بڑی حد تک غیرمتبدلہ رکھا ہے ۔ نتن گڈکری کے پاس روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کا قلمدان برقرار ہے ، سرونند سونووال کو شپنگ اور بندرگاہوں کا وزیر برقرار رکھا گیا ہے اور اسی طرح اشونی ویشنو کے پاس بدستور وزارت ریلوے ہے۔ اُس کے علاوہ انھیں وزارت اطلاعات و نشریات کی ذمہ داری بھی دی گئی ہے ۔ جیوترادتیہ سندھیا کو وزیر مواصلات بنایا گیا ہے ۔ سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان کو وزیر زراعت اور دیہی ترقیات بناتے ہوئے کسانوں کی بہبود کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے ۔ جے پی نڈا نئے وزیر صحت اور خاندانی بہبود ہوں گے ۔ سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی کو وزیر بھاری مصنوعات اور فولاد بنایا گیا ہے ۔ منوہر لال وزیر امکنہ اور شہری اُمور نیز برقی ، پیوش گوئیل وزیر کامرس اور انڈسٹری ، دھرمیندر پردھان وزیرتعلیم ہوں گے ۔ بہار کے جتن رام مانجھی کو چھوٹے اور اوسط کاروباری اداروں کے اُمور کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ کرن رجیجو وزیر پارلیمانی اُمور اور اقلیتی اُمور ہوں گے ۔ ہردیپ سنگھ پوری وزیر پٹرولیم ، جی کشن ریڈی وزیر کوئلہ اور کانکنی ، چراغ پاسوان وزیر فوڈ پراسیسنگ انڈسٹریز ہوں گے ۔ نئی مودی کابینہ میں پانچ مملکتی وزراء (آزادانہ چارج ) اور 36 دیگر مملکتی وزراء شامل ہیں۔ اس طرح وزیراعظم کو ملاکر 72 رکنی مخلوط کابینہ تشکیل پائی ہے ۔