امیت شاہ سے پون کلیان اور کشن ریڈی کی ملاقات نشستوں پر مفاہمت کو عنقریب قطعیت

   

حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے نئی دہلی میں جنا سینا کے صدر پون کلیان اور مرکزی وزیر و بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں انتخابات کے موقع پر انتخابی مفاہمت اور نشستوں کی تقسیم پر بات چیت کی گئی۔ جنا سینا نے تلنگانہ میں انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور بی جے پی کی ریاستی قیادت سے نشستوں کے مسئلہ پر ابتدائی مرحلہ کی بات چیت ہوئی ہے۔ ملاقات کے بعد دونوں قائدین نے میڈیا سے بات چیت نہیں کی اور حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئے۔ ملاقات سے قبل کشن ریڈی نے کہا تھا کہ جنا سینا این ڈی اے کا حصہ ہے اور بی جے پی تلنگانہ میں نشستوں پر مفاہمت کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ پون کلیان نے اسمبلی حلقہ جات کی فہرست کشن ریڈی کے حوالے کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور جنا سینا کے آندھرا پردیش یونٹ کے صدر این منوہر بھی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔ تقریباً 45 منٹ تک بات چیت جاری رہی۔ بتایا جاتا ہے کہ امیت شاہ نے ریاستی سطح پر مشاورت کے ذریعہ مفاہمت کو قطعیت دینے کا مشورہ دیا ہے۔