لکھنؤ۔ مرکزی وزیر داخلہ و بی جے پی کے چیف اسٹریٹجسٹ امیت شاہ 26دسمبر سے اترپردیش کے دورے پر ہونگے ۔ وہ اپنے کئی روزہ دورے کے دوران ریاست میں متعدد عوامی ریلیاں کر کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی کے حق میں ماحول سازی کریں گے ۔ شاہ اتوار سے آئندہ چھ دنوں تک ریاست کے 10اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ اس دوران وہ عوام کے درمیان جاکر مرکز کی نریندر مودی اور اترپردیش کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کی حصولیابیوں کو شمار کرائیں گے ۔بی جے پی کے سابق صدر کے دورے کا آغاز 26دسمبر کو کاس گنج اور جالون سے ہوگا جبکہ 28دسمبر کو وہ ہردوئی، سلطان پور اور بھدوہی میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔ مرکزی وزیر 30دسمبر کو مرادآباد میں عوامی ریلی سے خطاب کرنے کے بعد لکھنؤ تشریف لائیں گے اور پھر وہاں سے اناؤ کا دورہ کریں گے ۔ سال کے آخری دن یعنی 31دسمبر کو وہ مشرقی اترپردیش کے سنت کبیر نگر میں عوامی ریلی کریں گے اور بعد میں بریلی میں ان کا ایک روڈ شو ہوگا۔