حیدرآباد 7 جولائی ( پی ٹی آئی ) بی جے پی صدر امیت شاہ ہر ماہ تلنگانہ کا دورہ کرینگے اور ریاست میں پارٹی کو مستحکم کرنے کی کوششیں تیز کردی جائیں گی ۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے مشن 2023 کے حصے کے طور پر امیت شاہ نے ریاستی یونٹ پر کہا کہ وہ ریاست میں 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے پر توجہ کرتے ہوئے کام کریں۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اقتدار کیلئے 50 فیصد ووٹ کا حصول ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل منعقد ہوئے کور کمیٹی کے اجلاس میں امیت شاہ نے یہ واضح ہدایت دی ہے کہ تلنگانہ پر خاص توجہ دی جائے اور ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوک سبھا انتخابات میں 20 فیصد ووٹ تناسب حاصل کیا ہے اور ہمارے پاس 50 فیصد کے نشانہ تک پہونچنے کیلئے کافی وقت ہے ۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم تیاری کرینگے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر مرکزی حکومت کی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں غیر سنجیدہ ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ حکومت کو بی جے پی سے خوف محسوس ہونے لگا ہے ۔
