امیت شاہ کا17 ستمبر کو دورہ تلنگانہ نرمل میں سقوطِ حیدرآباد کا جلسہ عام

   

حیدرآباد۔ /7 ستمبر، (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ تلنگانہ کے پروگرام کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ امیت شاہ 17 ستمبر کو ریاست کا دورہ کریں گے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایس باپو راؤ نے بتایا کہ سقوط حیدرآباد کی تقاریب میں امیت شاہ حصہ لیں گے اور بی جے پی کی جانب سے نرمل میں بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ امیت شاہ کے دورہ کے موقع پر صدر بی جے پی بنڈی سنجے کی پدیاترا نرمل میں اختتام پذیر ہوگی۔ سقوط حیدرآباد اور بنڈی سنجے کی یاترا کے اختتام کے موقع پر امیت شاہ کا خصوصی خطاب ہوگا۔ واضح رہے کہ بی جے پی 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کو یوم آزادی کے طور پر منانے کا حکومت سے مطالبہ کررہی ہے۔ امیت شاہ کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں سینئر قائدین کی کمیٹی تشکیل دی گئی جو بارش کے پیش نظر وسیع تر انتظامات کو قطعیت دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دورہ دہلی کے بعد یہ تاثر پایا جاتا تھا کہ ٹی آر ایس کے بارے میں بی جے پی کا رویہ نرم ہوسکتا ہے لیکن امیت شاہ کے دورہ سے بی جے پی کیڈر میں ایک نیا جوش پیدا ہوگا۔R