جموں۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے قومی صدر امت شاہ رواں ماہ کی 24 تاریخ کو جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے ۔ وہ اس دوران ریاست میں پارلیمانی و اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں پارٹی کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے علاوہ پارلیمانی انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے مسئلے پر مقامی لیڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے ۔یو این آئی کو یہ تفصیلات پارٹی ذرائع نے فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا ‘مسٹر شاہ 24 فروری کو جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے ۔ وہ اس دوران مقامی پارٹی عہدیداروں و کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے لوک سبھا کی چھ سیٹوں کے لئے پارٹی کے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے ‘۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی نے ریاست میں پارلیمانی انتخابات اکیلے اور اپنے دم پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ‘پارٹی ریاست کی سبھی چھ پارلیمانی نشستوں کے لئے اپنے امیدوار میدان میں اتارے گی اور کسی بھی جماعت کے ساتھ قبل از انتخاب اتحاد نہیں کرے گی’۔ذرائع نے بتایا کہ امت شاہ پارلیمانی انتخابات کے علاوہ ریاست میں ممکنہ طور پر پارلیمانی انتخابات کے ساتھ ہونے والے اسمبلی انتخابات پر بھی مقامی پارٹی لیڈران سے فیڈ بیک حاصل کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پارٹی قومی صدر کے ہمراہ بی جے پی جنرل سکریٹری (آرگنائزیشنز) رام لال، قومی جنرل سکریٹری رام مادھو و اویناش رائے کھنہ بھی جموں کے دو روزہ دورے پر آئیں گے ۔