امیت شاہ 15 جون کو کھمم میں بی جے پی جلسہ عام سے خطاب کریںگے

   

حیدرآباد ۔8 ۔ جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 15 جون کو کھمم میں بی جے پی کے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ سابق رکن کونسل پی سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ کھمم میں بڑے پیمانہ پر جلسہ عام منعقد ہوگا جس کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہا کہ یوم تاسیس کے 10 سال کی تکمیل سے قبل ہی کے سی آر دسویں یوم تاسیس تقاریب منار ہے ہیں۔ حکومت کو یوم تاسیس تقاریب منانے کا اخلاقی حق نہیں ہے۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی ری ڈیزائننگ کے نام پر کروڑہا روپئے کمیشن حاصل کیا گیا ہے ۔ انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کیلئے امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا گیا اور ہر اسمبلی حلقہ میں ایک لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کا وعدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر پر حکومت بڑے دعوے کر رہی ہے لیکن یوم تاسیس تقاریب کا پراجکٹ کے قریب اہتمام نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں کے پانی کی تقسیم میں تلنگانہ سے ناانصافی کو روکنے میں کے سی آر ناکام ہوچکے ہیں۔ سدھاکر ریڈی کے مطابق آنے والے دنوں میں امیت شاہ تلنگانہ میں کئی عام جلسوں سے خطاب کریں گے۔ر