امید کی نئی کرن ، 28 ہزار روپئے میں کورونا علاج کا پیشکش

   

lجین انٹرنیشنل نے حیدرآباد میں 100 بستروں پر مشتمل کوویڈ کیر سنٹر کا کیا افتتاح
lآکسیجن ، ماہرین ڈاکٹرس ، ایمبولنس ، ادویات کے ساتھ تغذیہ بخش غذا کی فراہمی
حیدرآباد :۔ کورونا بحران نے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے ۔ ایک طرف اپنوں کا ساتھ چھوٹ رہا ہے ۔ دوسری طرف کارپوریٹ و خانگی ہاسپٹلس کی لوٹ کھسوٹ جاری ہے ۔ سرکاری ہاسپٹلس پر بھروسہ کرنے عوام تیار نہیں ہے ۔ خانگی و کارپوریٹ ہاسپٹلس نے کورونا علاج کو اتنا مہنگا بنادیا ہے کہ عوام علاج سے پہلے مرنے کی خواہش کررہے ہیں کیوں کہ خانگی ہاسپٹلس لاکھوں روپئے کے بلز وصول کررہے ہیں ۔ علاج کے دوران کسی کی موت واقع ہورہی ہے تو ماباقی بقایا جات کی ادائیگی تک نعش دینے سے بھی انکار کیا جارہا ہے ۔ اس طرح کی سنگین صورتحال میں ایک رضاکارانہ تنظیم جو عطیات پر تعلیم و طبی شعبوں میں کام کرتی ہے ۔ جین انٹرنیشنل نے حیدرآباد میں 100 بستروں پر مشتمل کوویڈ کیر سنٹر کا قیام عمل میں لایا ہے جہاں صرف 28 ہزار روپئے میں ایک ہفتہ تک کورونا کا علاج کرنے ساتھ مفت میں ادویات ، تغذیہ بخش غذا اور آکسیجن کے بشمول ایمبولنس کی سہولت کا پیشکش کیا ہے ۔ کورونا سے ملک بھر میں لاکھوں لوگ متاثر ہورہے ہیں اور ہزاروں لوگوں کی اموات ہورہی ہے ۔ اس مصیبت کی گھڑی میں جین انٹرنیشنل نے متاثرین کی مدد کرنے کے لیے تاحال ملک بھر میں 15 کوویڈ کیر سنٹر قائم کرچکی ہے اور حال ہی میں 16 واں سنٹر حیدرآباد میں قائم کیا گیا ہے ۔ جین انٹرنیشنل ٹریڈ آرگنائزیشن کے نمائندے ونود رنکا نے بتایا کہ بیگم پیٹ پر واقع چریان فورٹ میں موجود تین منزلہ مانسا سرور ہوٹل کو جین انٹرنیشنل نے فی الحال کوویڈ کیر سنٹر میں تبدیل کرتے ہوئے تمام طبی سہولتوں کے ساتھ عوام کو دستیاب رکھا ہے ۔ جس میں 100 بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ آئی سی ایم آر کے رہنمایانہ خطوط پر متاثرین کا علاج کیا جائے گا ۔ پہلی اور دوسری منزل پر 100 بیڈس رہیں گے ۔ کوویڈ سے متاثر ہونے کی تصدیق ہونے والے متاثرین ہی اس ہاسپٹل میں شریک ہوسکتے ہیں ۔ ایک روم میں دو متاثرین کو شریک کرتے ہوئے ایک ہفتہ تک علاج کیا جائے گا اور ہر متاثر سے صرف 28 ہزار روپئے ہی وصول کیا جائے گا ۔ اگر کوئی سنگل روم میں علاج کرانا چاہتے ہیں تو انہیں ایک ہفتہ کے لیے 35 ہزار روپئے فیس ادا کرنی ہوگی ۔ ایک ہفتہ کے علاج کے دوران ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے علاج کے ساتھ ادویات وغیرہ مفت فراہم کی جائیں گی ۔ اس کے لیے علحدہ بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی یہاں تک کہ ضرورت پڑنے پر آکسیجن کے ساتھ دوسری طبی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی ۔ علاج کے دوران متاثرین کو جلد از جلد صحت یاب بنانے کے لیے تغذیہ بخش غذا (ویجیٹرین ) بھی فراہم کی جائے گی ۔ اگر متاثرین میں شوگر ، ہائی بی پی ، یا گردہ کے عارضہ میں مبتلا کوئی مریض ہیں تو ان کی غذا پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاہم متاثرین کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہاسپٹل میں شریک ہونے کے دوران اپنی دوسری بیماریوں کے بارے میں بھی انتظامیہ کو اس کی اطلاع دیں ۔ کوویڈ کیر سنٹر میں 24 گھنٹے 6 ماہرین ڈاکٹرس اپنی خدمات فراہم کریں گے ۔ اس کے علاوہ نرسیس ، پیرا میڈیکل اسٹاف ہمیشہ متاثرین کی خدمات کے لیے دستیاب رہیں گے ۔ ایمبولنس کی بھی سہولت رہے گی ۔ ایمرجنسی کی صورت میں مریض کو کسی بڑے ہاسپٹل منتقل کرنے کے انتظامات کئے جائیں گے ۔ کوویڈ کیر سنٹر میں صرف آکسیجن دستیاب ہے ۔ وینٹی لیٹر کی سہولت میسر نہیں ہے ۔ اگر کسی مریض کو وینٹی لیٹر کی ضرورت محسوس ہوئی تو مانصاحب ٹینک پر موجود مہاویر ہاسپٹل میں کم قیمت پر وینٹی لیٹر کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ کوویڈ کیر سنٹر کے ہیلپ لائن نمبرات 9121155500 ۔ 9121255500 ۔ 9121355500 ہیں ۔۔