واشنگٹن۔10جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ ۔ایران کشیدگی کے جلو میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی دورہ پر آئے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ٹرمپ نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ایران کے ساتھ کیا کیا جا سکتا ہے ۔ ایران اب بہت غلط کام کر رہا ہے ۔ ایسا مانا جا رہا ہے کہ ایران کے بہتر تعلقات کی وجہ سے امیر نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی ہے ۔’واشنگٹن پوسٹ‘ نے منگل کو امریکی اہلکار کے حوالہ سے بتایا کہ یہ رسمی ثالثی کا کوئی کردار نہیں تھا لیکن ہم انہیں پیغام دینے کی کوشش کریں گے کہ بات چیت کیلئے کس طرح راستہ بنایا جا سکتا ہے ۔وائٹ ہاؤس کے بیان کے مطابق امیر قطر کے دورۂ امریکہ کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط کرنا ہے ۔
