امیر پیٹ حادثہ ، مونیکا کے خاندان کو میٹرو سے 20 لاکھ روپئے کی ادائیگی

   

واقعہ کی تحقیقات کروانے کی ہدایت : کے ٹی آر کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( این ایس ایس) : ایچ ایم آر ایل کے ایم ڈی مسٹر این وی ایس ریڈی ، حکومت تلنگانہ نے کل امیر پیٹ میٹرو اسٹیشن پر پیش آئے حادثہ کا سخت نوٹ لیا ہے ۔ مسٹر ریڈی نے کہا کہ وزیر بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی کے ٹی راما راؤ نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ اس واقعہ کی انجینئرنگ ماہرین کے ذریعہ تحقیقات کروائیں اور اس سلسلہ میں درکار اقدامات کریں اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اسٹیشن اسٹرکچرس اور فسیلیٹیز کی بہتر چیکنگ کی جانی چاہئے تاکہ اس طرح کے بدبختانہ واقعات نہ ہونے پائے ۔ حیدرآباد میٹرو کے اعلیٰ معیار اور سیفٹی معیار کو برقرار رکھنا ہوگا اور ہر وقت سیفٹی کو اولین ترجیح دینی ہوگی ۔ نیز انہوں نے کہا کہ وزیر موصوف کے مشورہ کے مطابق انہوں نے ایل اینڈ ٹی کو اس حادثہ میں ہلاک ہونے والی خاتون مونیکا کے ارکان خاندان کو معاوضہ ادا کرنے کی ہدایت دی ہے چنانچہ ایل اینڈ ٹی مینجمنٹ نے اس خاتون کے ارکان خاندان کے ساتھ بات چیت کی اور اس حادثہ میں ہلاک ہونے والی مونیکا کے ارکان خاندان کو 20 لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کرنے کے لیے معاہدہ پر دستخط کئے ۔ نیز ارکان خاندان کے ساتھ طئے پائے معاہدہ کے مطابق مونیکا کے خاندان کے ایک رکن کو جاب بھی حاصل ہوگا ۔۔