امیر پیٹ میں 50 بستروں پر مبنی سرکاری دواخانہ کو کارکرد بنایا جائے

   

مقامی افراد کو علاج کی سخت ضرورت، وزیر صحت راجندر کو ششی دھر ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد۔ سابق وزیر اور کانگریس کی کوویڈ 19 ٹاسک فورس کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے وزیر صحت ای راجندر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے امیر پیٹ میں واقع 50 بستروں پر مبنی گورنمنٹ ہاسپٹل کو مقامی افراد کی سہولت کیلئے فوری کارکرد بنانے کی اپیل کی تاکہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے قبل کانگریس دور حکومت میں امیر پیٹ میں 30 بستروں پر مبنی گورنمنٹ ہاسپٹل قائم کیا گیا تھا۔ 2014 انتخابات تک تعمیری کام جاری رہا لیکن فنڈز کی کمی کے باعث یہ کام روک دیا گیا۔ مقامی رکن اسمبلی اور اسوقت کے وزیر کمرشیل ٹیکس سرینواس یادو نے دورہ کرتے ہوئے تعمیری کام مکمل کرنے فنڈز جاری کرنے کا تیقن دیا تھا لیکن 2015سے آج تک اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ 2016 کے بلدی انتخابات سے قبل وزیر صحت لکشما ریڈی نے دورہ کرتے ہوئے زائد فلور تعمیر کرنے کا تیقن دیا تھا۔ 19 اکٹوبر 2017 کو سنگ بنیاد رکھا گیا لیکن آج تک تعمیری کام مکمل نہیں ہوا ہے۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے گذشتہ سات برسوں میں اپنے وعدہ کی تکمیل کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھائے۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ کورونا کے علاج کے سلسلہ میں سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کی کمی ہے لہذا حکومت کو امیر پیٹ کے ہاسپٹل کو فوری کارکرد بنانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ امیر پیٹ، ایس آر نگر، بلکم پیٹ اور صنعت نگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے عوام کی سہولت کیلئے اس دواخانہ کو فوری کارکرد بنایا جائے۔