لکھنؤ۔ 17 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز خبریں اور دیگر موضوعات کو لے کر خبریں اور تبصرے کرنے والے نیوز 18ہندی کے اینکر امیش د یوگن نے ساری صحافتی حدودِ عبور کرتے ہوئے حضرت خواجہ غریب نواز چشتی رحمۃ اللّٰہ علیہ کے تعلق سے اپنے پروگرام آر پار میں انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کئے جس کے بعد مسلمانوں میں اینکر کے خلاف غم و غصہ کی لہر ہے خواجہ معین الدین چشتی اجمیری علیہ الرحمہ کی شان میں سرِ عام گستاخی کرنے پرصدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ وناظم ندوۃ العلماء لکھنؤحضرت مولاناسیدمحمدرابع حسنی ندوی نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے اسے افسوسناک قرار دیا ہے ، مولانا نے کہا ہیکہ سردار الہند حضرت خواجہ اجمیری ؒ نے اس ملک میں لوگوں کی خدمت او ر خیرخواہی کے لئے جان کھپادی اور ایسی محبت پیدا کردی کہ تاریخ کو جاننے والا ہر شخص ان کے مقام کو پہچانتے ہوئے ان کی قدر کرتا ہے ،اور مانتا ہے کہ ایسی شخصیت مشکل سے پیدا ہوتی ہے، مولانا نے فرمایا کہ تصور کرنا بھی مشکل ہے کہ کوئی حضرت خواجہ اجمیری ؒ کے بارے میں ایسی بات کہے گا ، اورآج جو یہ حرکت ہوئی ہے اس کی ہر طرف سے مذمت ہونی چاہئے۔
امیش دیوگن کیخلاف ممبئی کے
مسلم وکلاء نے لیگل نوٹس بھیجا
ممبئی17جون (سیاست ڈاٹ کام) نیوز-18 کے ایک شو میں خواجہ غریب نواز ؒ کی شان میں گستاخی کرنے والے نیوز اینکر امیش دیوگن کے خلاف کارروائی کرنے کے لیئے ممبئی کے مسلم وکلاء نیوز براڈ کاسٹرس ایسوسی ایشن میں کمپلین داخل کرتے ہوئے لیگل نوٹس بھی بھیجا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ خواجہ غریب نواز کی شان میں گستاخی کرنے والے چینل پر پابندی لگائی جائے نیز اس کے خلاف انکوائری شروع کی جائے کہ آیا اس نے اتنی بڑی شخصیت کی شان میں لائیو پروگرام میں گستاخی کیسے کی اور اس کے پیچھے اس کی منشاء کیا ہے۔