امین الحسن جعفری قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین مقرر

   

صحافی کو پہلی مرتبہ اعزاز حاصل، جناب سید مکثر شاہ کے بعد دوسرے مسلم رکن، عنقریب حلف برداری

حیدرآباد۔/12 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے عبوری صدر نشین کے عہدہ پر پہلی مرتبہ ایک صحافی کو خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ رکن قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری کو کونسل کا عبوری صدرنشین نامزد کرتے ہوئے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے اعلامیہ جاری کردیا۔ اعلامیہ کے مطابق امین الحسن جعفری 11 جنوری سے عبوری صدرنشین کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے اور باقاعدہ صدرنشین کے انتخاب تک وہ اپنی ذمہ داری جاری رکھیں گے۔ سید امین الحسن جعفری مجلس اتحادالمسلمین کے رکن کونسل ہیں اور انہوں نے صحافی کی حیثیت سے اپنی شناخت بنائی ہے۔ اردو کے علاوہ انگریزی صحافت میں امین الحسن جعفری نے اپنی خدمات کا لوہا منوایا۔ کارگذار صدرنشین کی حیثیت سے حلف برداری کی تاریخ عنقریب طئے کی جائے گی اور ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن انہیں حلف دلائیں گی۔ قانون ساز کونسل تلنگانہ کی تاریخ میں امین الحسن جعفری پہلے مسلم رکن ہیں جو اس اہم ذمہ داری پر فائز کئے گئے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں جناب سید مکثر شاہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین رہ چکے ہیں جو 1979 سے 1985 تک اس عہدہ پر فائز رہے۔ آندھرا پردیش میں تلگودیشم حکومت نے احمد شریف کو کونسل کا صدرنشین مقرر کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ کونسل کے کارگذار صدرنشین وی بھوپال ریڈی کی میعاد 4 جنوری کو ختم ہوگئی۔ وہ 4 جون 2021 سے کارگذار صدرنشین کے عہدہ پر فائز تھے۔40 رکنی کونسل میں مجلس کے ارکان کی تعداد 2 ہے اور امین الحسن جعفری کی تیسری میعاد جاری ہے اور انہیں سنیاریٹی کی بنیاد پر کارگذار صدرنشین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ جی سکھیندر ریڈی کی کونسل کی میعاد ختم ہونے کے بعد سے بھوپال ریڈی کارگذار صدرنشین کی ذمہ داری نبھارہے تھے۔ وہ کونسل کیلئے دوبارہ منتخب ہوگئے لیکن انہیں کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے لہذا مدھوسدن چاری کو صدرنشین مقرر کئے جانے کی توقع ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں مجلس کے رکن ممتاز احمد خاں کو جنوری 2019 میں عبوری اسپیکر کے عہدہ پر فائز کیا گیا تھا۔ر