امیٹھی اور رائے بریلی سے کانگریس امیدوار وں کے اعلان پر تجسس برقرار

,

   

نئی دہلی :امیٹھی اور رائے بریلی سے کانگریس کے نامزد امیدواروں کے بارے میں سسپنس برقرار ہے ۔ ذرائع نے جمعرات کواعلان کردیا کہ راہول گاندھی امیٹھی لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کریں گے۔ اس سیٹ سے وہ پچھلی بار ہار گئے تھے اور بی جے پی کی سمرتی ایرانی نے انہیں معمولی فرق سے شکست دی تھی۔ جمعہ کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہونے کے ساتھ عوام اور پارٹی کارکنوں میں امیدواروں کے ناموں کو لیکر دلچسپی بڑھتی جارہی تھی تاہم رات دیر گئے تک بھی پارٹی کی جانب سے باقاعدہ طور پر ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا اور توقع ہے کہ نامزدگی کی آخری تاریخ یعنی جمعہ کوہی پارٹی نے ناموں کا اعلان کرے گی۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے اتر پردیش کی دونوں نشستوں پر نامزدگی داخل کرنے کی تیاری شروع کردی ہے جو روایتی طور پر گاندھی۔نہرو خاندان کے افراد کے پاس رہی ہیں۔رپورٹس کے مطابق راہول گاندھی، جو پہلے ہی کیرالا کے وائناڈ سے کانگریس کے امیدوار ہیں، امیٹھی سے بھی انتخاب لڑسکتے ہیں۔کانگریس لیڈر دیپک سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ تمام تیاریاں کر لی گئی ہیں اور کانگریس پارٹی کل نامزدگی داخل کرے گی۔لوک سبھا حلقہ رائے بریلی سے پرینکا گاندھی کے نام کی تجویز انڈیا اتحاد کی جماعتوں نے بھی کی ہے لیکن قطعی فیصلہ کا سب کو انتظار ہے ۔جمعہ کو نامزدگیوں کا ادخال عمل میں آئے گا ۔ امیٹھی حلقہ سے بی جے پی نے موجودہ رکن سمرتی ایرانی کو امیدوار بنایا ہے جنہوں نے اپنا پرچہ داخل کردیا ہے ۔گاندھی خاندان کے کسی بھی فرد کے انتخابی میدان میں آنے پر سخت مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے ۔
پارٹی کے اس فیصلہ پر کارکنوں میں زبردست جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔