انا ہزارے نے اروند کیجریوال کو لکھا خط، کہا- آپ بھی اقتدار کے نشے میں ڈوب گئے

   

نئی دہلی: دہلی میں شراب پالیسی میں مبینہ گھوٹالے کے الزامات کا سامنا کر رہی عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو انا ہزارے نے خط لکھا ہے۔ انا ہزارے نے اس خط میں اروند کیجریوال کو کھری کھوٹی سناتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ بھی اقتدار کے نشے میں ڈوب گئے ہو۔انا ہزارے نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آپ کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد پہلی بار میں آپ کو خط لکھ رہا ہوں۔ گزشتہ کئی دنوں سے دہلی حکومت کی شراب پالیسی سے متعلق جو خبریں آرہی ہیں، انہیں پڑھ کر افسوس ہوتا ہے۔ انا ہزارے نے کہا کہ مہاتما گاندھی کے ’گاوں کی طرف چلو‘ کے نظریے سے متاثر ہوکر میں نے اپنی زندگی گاوں، سماج اور ملک کے لئے وقف کیا ہے۔ گزشتہ 47 سالوں سے گاوں کی ترقی کے لئے کام کر رہا ہوں اور بدعنوانی کی مخالفت میں احتجاج کر رہا ہوں۔