انتخابات آزادی کی دوسری بڑی لڑائی : اسٹالن

   

کولکاتا، 19جنوری(سیاست ڈاٹ کام)ڈی ایم کے لیڈر ایم کے اسٹالن نے آج کولکاتا میں ترنمول کانگریس کی میزبانی میں اپوزیشن کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات ملک کی آزادی کی دوسری بڑی لڑائی ہیں ۔آج ملک کو انتہا پسندہندوازم کے ذریعہ یرغمال بنالیا گیا ہے۔ ٹاملناڈو کے اپوزیشن لیڈر اسٹالن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ، ممتا بنرجی کے ساتھ سمیت ملک کے اپوزیشن لیڈروں سے مودی ڈرتے ہیں، کیوں کہ مودی کو یہ بات سمجھ آنے لگی ہے کہ ملک کے عوام ان سے خوش نہیں ہیں اور اپوزیشن کے لیڈروں کی مقبولیت بڑھتی جارہی ہے ۔اسٹالن نے کہا کہ اگلا لوک سبھا انتخابات آزادی کی دوسری سب سے بڑی لڑائی ہے ۔ہم ملک کو انتہاپسندی، ہندو ازم کی قدامت پسندی کے زہر سے بچانے کیلئے پرعزم ہیں۔ہمارا عہد ہے کہ ہم مودی کو ہرائیں گے اور ملک کو بچالیں گے ۔اسٹالن نے کہا کہ مودی صرف کارپوریٹ گھرانوں کیلئے کام کررہے ہیں، ان کی ترجیحات میں ملک کا عام آدمی نہیں ہے ۔مودی کے پاس کسانوں، نوجوانوں اور غریب طبقات کیلئے سوچنے کا وقت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر مودی ملک میں اقدار میں آئے تو ملک 50سال پیچھے چلا جائے گا۔