انتخابات میں مسلح افواج کے بیجا استعمال کو روکا جائے: رامداس

   

نئی دہلی 9 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق بحریہ سربراہ ایڈمیرل ایل رامداس ( ریٹائرڈ) نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو پلواما حملے ‘ بالا کوٹ ائر اسٹرائیک اور ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمام کے نام اور تصاویر کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے سے باز رکھے ۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کو ایک کھلے مکتوب روانہ کرتے ہوئے ایڈمیرل رامداس نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے سیاسی فائدہ کیلئے مسلح افواج کے کارناموں کو استعمال کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے مکتوب میں انہوں نے کہا کہ اب جبکہ انتخابات بہت قریب ہیں یہ اہم ہوگا کہ کوئی بھی حالیہ واقعات کو سیاسی مفادات کیلئے استعمال نہ کرنے پائے ۔ اس کیلئے الیکشن کمیشن کو حرکت میں آنے کی ضرورت ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ان واقعات کے سیاسی استحصال سے روکنے کی ضرورت ہے ۔