حیدرآباد۔19 جولائی (سیاست نیوز) بلندی انتخابات میں پارٹی کی انتخابی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پردیش کانگریس کمیٹی نے 21 جولائی کو مختلف اضلاع کے قائدین کے ساتھ مشاورتی اجلاس طلب کیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے مطابق سنگاریڈی کے گوکل فنکشن ہال میں 21 جولائی کو تین مختلف اجلاس منعقد ہوں گے۔ صبح 10:30 تا 1:00 بجے دن اضلاع سنگاریڈی، میدک، سدی پیٹ، رنگاریڈی، وقارآباد، میڑچل، محبوب نگر، ناگرکرنول، ونپرتی، نارائن پیٹ اور گدوال کے قائدین کا اجلاس ہوگا۔ دوپہر 1:00 تا 3:30 بجے آصف آباد، منچریال، عادل آباد، نرمل، نظام آباد، کاما ریڈی، جگتیال، پیدا پلی، کریم نگر اور سرسلہ اضلاع کا مشاورتی سیشن ہوگا۔ سہ پہر 3:30 تا شام 6:00 بجے سوریا پیٹ، نلگنڈہ، بھونگیر، جنگائوں، محبوب آباد، ورنگل رورل، ملگ، بھوپال پلی، کوتاگوڑیم اور کھمم اضلاع کی انتخابی حکمت عملی پر غور ہوگا۔ کور کمیٹی ارکان اجلاس میں شرکت کریں گے۔ متعلقہ اضلاع کے عوامی نمائندے ارکان اسمبلی کونسل، سابق ارکان اسمبلی کونسل اور حالیہ انتخابات کے امیدواروں کو مدعو کیا گیا ہے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار اور رکن اسمبلی جگاریڈی انتظامات کے نگرانکار ہوں گے۔