انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیوں پر نظر

   

ریٹرننگ آفیسرس اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے تقررات ، ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کا اجلاس
حیدرآباد۔11مارچ(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کو یقینی بنانے کے سلسلہ میں ضلع الیکشن آفیسر و کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹردانا کشور نے آج کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار‘ ضلع کلکٹر مسٹر مانک راج کے علاوہ دیگر اعلی عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس طلب کرتے ہوئے حلقہ جات پارلیمان سکندرآباد و حیدرآباد میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے کی جانے والی انتخابی تشہیر کے سلسلہ میں سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ریٹرننگ آفیسر س اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس کے تقرر کے اقدامات کئے گئے ۔ مسٹر دانا کشور نے اجلاس کے دوران نوڈل آفیسر کی تعیناتی اور انتخابات کے دوران موصول ہونے والی شکایات کی عاجلانہ یکسوئی کے سلسلہ میں اقدامات اور طریقہ کار کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ۔لوک سبھا انتخابات کے شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی ضلع الیکشن اتھاریٹی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے متعلق واقف کرواتے ہوئے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 4000 پوسٹرس‘ بیانرس اور دیگر تشہیری مواد کو نکالا گیا ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید کاروائی کرتے ہوئے تشہیری مواد کو ہٹانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ حلقہ پارلیمان حیدرآباد و سکندرآباد کے حدود میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے علاوہ شہر میں غیر مجاز رقمی منتقلی پر بھی گہری نظر رکھی جائے گی اور انتخابی دھاندلیوں کو روکنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل دی جائے گی۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ برس کے اواخر میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے سبب انتخابی عملہ کو اضافی تربیت کی فراہمی کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ قوانین کے مطابق ضلع انتخابی اتھاریٹی کی جانب سے انتخابی عملہ کو تربیت کی فراہمی کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے انہیں انتخابات کے دوران ممنوعہ حرکات و سکنات سے واقف کروایا جائے گا ۔ مسٹر دانا کشور کے ہمراہ اجلاس میں مسٹر وسواجیت کمپاٹی ‘ مسٹر مانک راج کلکٹر حیدرآباد و ریٹرننگ آفیسر حلقہ لوک سبھا حیدرآباد مسٹر روی جوائنٹ کلکٹر حیدرآباد و ریٹرننگ آفیسر حلقہ پارلیمان سکندرآباد اور دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔ مسٹر دانا کشور نے بتایا کہ عام انتخابات کو دھاندلیوں سے پاک اور پر امن رکھنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جائیں گے جس میں مائیکرو آبزرورس کے تقرر کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے انتخابات کے مصارف پر نظر رکھنا اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔