انتخابی مبصرکا پرچہ نامزدگیوں کے انتظامات کا جائزہ

   

کاماریڈی :28؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مونسپل انتخابات کے سلسلے میں عام مبصر ڈی پرشانت ریڈی نے آج کاماریڈی مونسپل دفتر میں جاری نامزدگی کے عمل اور اس سے متعلق انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نامزدگیوں کا عمل بغیر کسی خامی کے مؤثر انداز میں انجام دیا جائے۔انتخابی مبصر نے کہا کہ نامزدگیاں وصول کرتے وقت امیدواروں کو درکار تمام دستاویزات کی واضح جانکاری دی جائے اور اگر کسی قسم کا شبہ پیدا ہو تو فوری طور پر اعلیٰ حکام سے رجوع کرتے ہوئے اس کا ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے میونسپل دفتر میں قائم نامزدگی مراکز کا بھی جائزہ لیا اور بتایا کہ پہلا نامزدگی مرکز ریونیو سیکشن میں قائم ہے جہاں وارڈ نمبر 1 سے 15 تک کی نامزدگیاں وصول کی جارہی ہیں، دوسرا مرکز کونسل میٹنگ ہال میں قائم کیا گیا ہے جہاں وارڈ نمبر 16 سے 45 تک کی نامزدگیاں لی جارہی ہیں، جبکہ تیسرا نامزدگی مرکز اکاؤنٹس سیکشن میں قائم ہے جہاں وارڈ نمبر 46 سے 49 تک کی نامزدگیاں وصول کی جارہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام نامزدگی مراکز میں سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈیجیٹل گھڑیاں نصب کی گئی ہیں اور پولیس بندوبست کو بھی مؤثر انداز میں یقینی بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ میونسپل انتخابات میں امیدواروں کے لیے سیکیورٹی ڈپازٹ کی رقم ایس سی، ایس ٹی اور بی سی زمرہ کے وارڈ ممبران کے لیے 1250 روپے جبکہ دیگر امیدواروں کے لیے 2500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر وکٹر، آر ڈی او وینا، تحصیلدار جناردھن اور دیگر متعلقہ عہدیدار بھی موجود تھے۔