سیاسی پارٹیوں سے تحفہ و تحائف کی منصوبہ بندی ، انتخابی عملہ چوکس
حیدرآباد۔12۔اکٹوبر(سیاست نیوز) انتخابی مہم کے دوران دسہرہ اور دیوالی کے تہوار تلنگانہ میں رائے دہندوں کے لئے زبردست فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں کیونکہ سیاسی جماعتوں کے علاوہ حلقہ جات اسمبلی کے امیدواروں کی جانب سے ریاست میں انتخابی مہم کے دوران رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے جو اقدامات کئے جائیں گے ان میں دسہرہ اور دیوالی کے تحفہ تحائف بھی دیئے جانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان تہواروں کے دوران تحفہ تحائف دئیے جانا عام بات ہے اسی لئے اگر تہوارکی آڑ میں رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے انہیں تحفہ دیئے جاتے ہیں تو اس پر کاروائی کے امکانات کم ہو سکتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کا کہناہے کہ انتخابی عملہ کی جانب سے دسہرہ اور دیوالی کے دوران دیئے جانے والے تحفہ تحائف پر بھی خصوصی نظر رکھی جائے گی اور اس دوران اگر کسی سیاسی جماعت یا امیدواروں کی جانب سے کوئی تحفہ تحائف کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی لیکن سیاسی جماعتوں کے قائدین اور متوقع امیدواروں کا کہنا ہے کہ دسہرہ اور دیوالی کے موقع پر تحائف کا لین دین کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ انتخابی عملہ کا کہناہے کہ روایتی تحفہ تحائف کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا لیکن اس بات کا جائزہ ضرور لیا جائے گا کہ آیا تحفہ تحائف دینے والے قائدین یا سیاسی جماعتوں کی جانب سے سال گذشتہ بھی تحفے دیئے گئے تھے یا نہیں اگر نہیں دیئے گئے تھے اور اس مرتبہ تہواروں کے موقع پر تحفہ تحائف دیئے جا رہے ہیں تو ایسی صورت میں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی کیونکہ وہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں شمار کیا جائے گا۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں جہاں غریب آبادیاں ہیں ان حلقہ جات اسمبلی پر سیاسی قائدین توجہ دے رہے ہیں اور ان کی اس منصوبہ بندی پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کی جانب سے نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریاست کے بیشتر حلقہ جات اسمبلی میں دسہرہ اور دیوالی کے تہوار منانے والوں کو تحفوں کی فراہمی کے اقدامات کا سیاسی قائدین جائزہ لے رہے ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ان تہواروں کے لئے متوقع امیدواروں نے گفٹ ووچرس کے علاوہ چنندہ تجارتی اداروں کے ذریعہ تحفوں کی فراہمی کویقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی رائے دہندوں کو راغب کرنے کے لئے رائے دہندوں سے راست ملاقات اور ان کو فوائد پہنچانے کے اقدامات کی تیاری کی جار ہی ہے ۔