سابق رکن کونسل راملو نائک کا حکومت پر الزام
حیدرآباد: سابق رکن کونسل راملو نائک نے ایس آر نگر پولیس اسٹیشن میں ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی مذمت کی اور سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ۔ انہوں نے آج پولیس اسٹیشن پہنچ کر عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ 13 ماہ قبل ایرہ گڈہ علاقہ میں معمولی تنازعہ کے سلسلہ میں ایف آئی آر درج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر جاری کرنے 13 مہینے تک پولیس کا خاموش رہنا اس بات کی علامت ہیں کہ حکومت کے اشارہ پر ایف آئی آر درج کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر فرضی مقدمہ میں ماخوذ کرکے ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔ تلنگانہ تحریک کے شرکاء کے خلاف مقدمات سے کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا ، وہ کونسل رکن تھے۔ ایک سال گزرنے کے بعد ایف آئی آر درج ہوئی ہے ۔ راملو نائک نے کہا کہ چیف منسٹر کانگریس میں شمولیت کی وجہ سے انہیں ہراساں کر رہے ہیں۔ راملو نائک نے کہا کہ وہ مقدمات سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔