نئی دہلی4جون (سیاست ڈاٹ کام ) انسانی وسائل کے وزیر ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں کے اہم کردار کی نشاندہی کرتے ہوئے جمعرات کو کہاکہ انجینئرنگ میں گریجوئیٹ طلبا کو ملک کی تمام 4500اداروں میں تربیت دی جائے گی اور دو تین برس میں تقریباًً ایک کروڑ طلبا تربیت یافتہ ہوجائیں گے ۔ڈاکٹر نشنک نے یہاں شہری ترقیات کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے ساتھ نیشنل ایجوکیشن الائنس فار ٹکنالوجی اسکیم لانچ کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کے مشن کے تحت اس اسکیم کو لانچ کیا جارہا ہے کیونکہ قوم کی تعمیر میں ہمارے ملک کے نوجوانوں کا بہت بڑا کردار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں انجینئرنگ کے 80لاکھ طلبا ہیں۔ آل انڈیا کونسل فار ٹکننیکل ایجوکیشن کی مدد سے اور شہری ترقیات کی وزارت کے تعاون سے شروع کی جارہی اس اسکیم میں گریجوئیٹ سطح کے طلبا انٹرنشپ کا کام کریں گے اور صفائی ستھرائی مہم اور دیگر تخلیقی پروگرام کی تربیت لیں گے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس برس تقریباً 25000طلبا انٹرنشپ کریں گے اور دو تین برسوں میں ہی تقریباًً ایک کروڑ طلبا اس اسکیم سے فیض یا ب ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون میں ملک کے آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم اور این آئی ٹی وغیرہ طلبا نے لیباریٹریوں میں جم کر کام کیا ہے اور پی پی ای کٹ، وینٹی ل یٹر،، سینی ٹائزر مشین اور ماسک وغیرہ بنانے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ملک میں اب متعدد سہولیات ہوگئی ہے ، طلبا کو بیرون ملک جاکر تعلیم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔