قانونی مشاورت اور حامیوں سے ملاقات کے بعد کوئی فیصلہ
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) انحراف کے الزامات کا سامنے کرنے والے اسٹیشن گھن پور کے رکن اسمبلی کڈیم سری ہری نے کہا کہ وہ اسپیکر کے فیصلے کو قبول کریں گے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سری ہری نے کہا کہ اگر اسپیکر کے فیصلے میں ضمنی چناؤ یقینی ہوتا ہے تو وہ اس کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے بھروسہ جتایا کہ ضمنی چناؤ کی صورت میں وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ سری ہری نے کہا کہ اسپیکر کے فیصلے کی بنیاد پر وہ اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ سری ہری نے ضمنی چناؤ کی اپوزیشن کی جانب سے قیاس آرائیوں پر تنقید کی اور کہا کہ وہ قانونی مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انحراف کے الزامات کے تحت ان کے خلاف جو درخواست داخل کی گئی ہے اس کا جواب دینے کے لئے اسپیکر سے مزید مہلت طلب کی گئی۔ اسپیکر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ اسپیکر کی جانب سے نوٹس کی اجرائی کے بعد سری ہری نے جی پرساد کمار سے ملاقات کی اور جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت طلب کی۔ اسپیکر نے 10 ارکان اسمبلی کو نوٹس جاری کی تھی جن میں سے 8 کے خلاف تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں۔ پرساد کمار نے ڈی ناگیندر اور کڈیم سری ہری کو دوسری مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر تک جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ انحراف کے الزامات ثابت ہونے کی صورت میں دونوں ارکان اسمبلی مستعفی ہو کر دوبارہ ضمنی چناؤ میں مقابلہ کی تیاری کریں گے۔ 1